Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 9: راولپنڈی میں کل ہونے والے میچز کا بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 میں کل راولپنڈی کے پنڈی اسٹیڈیم میں دو میچز کھیلے جائیں گے جو بارش کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پی ایس ایل 9 میں اب تک 16 میچز کھیلے جاچکے ہیں جس کے بعد آج ایک دن کا وقفہ رکھا گیا ہے جب کہ  کل دو میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور پشاور زلمی جب کہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔

یہ دونوں میچز راولپنڈی کے پنڈی اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں جب کہ کل خراب موسم کے باعث دونوں میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل راولپنڈی میں بارش کا قوی امکان ہے جب کہ دن کے وقت میں 100 فیصد اور رات کے وقت میں 70 فیصد تک بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کے سبب شائقین کرکٹ شدید تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ ملتان سلطانز سرفہرست، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا اور پشاور زلمی کا 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز 4،4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھی اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں جب کہ لاہور قلندرز تمام چھ میچز میں شکست کے ساتھ آخری نمبر ہر موجود ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version