Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے چھین کر بھارت کو دے دی گئی

سری لنکا کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، آئی سی سی

ویمنز کی پہلی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے چھین کر بھارت کو دے دی گئی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق افتتاحی ٹورنامنٹ آئندہ سال 14 سے 28 فروری تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بدھ کو جاری بیان میں بتایا کہ خواتین کی پہلی چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پہلے سری لنکا میں ہونا تھا تاہم اب سری لنکا کی کرکٹ انتظامیہ میں حکومتی مداخلت کے معاملے کے باعث میزبانی بھارت منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق سری لنکا کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور آئی سی سی کی جانب سے جولائی میں سالانہ اجلاس کے دوران تجویز کردہ ضروری اصلاحات مکمل ہونے تک ٹورنامنٹ کی میزبانی سری لنکا میں نہیں ہوگی۔

 

ویمنز چیمپئنز ٹرافی میں مجموعی طور پر 6 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں موجودہ ٹی ٹوئنٹی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے علاوہ انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکا شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی جس کے بعد بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 2 ٹیمیں فائنل میں جگہ بنائیں گی۔

ویمنز چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 28 فروری کو کھیلا جائے گا جب کہ ٹورنامنٹ کے تمام مقابلے بھارت کے شہر ممبئی اور وڈودرا میں منعقد ہوں گے۔

ممبئی میں کرکٹ کلب آف انڈیا اور وڈودرا کے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کو ٹورنامنٹ کے میچز کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ خواتین کی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا ایڈیشن ہوگا جس کے انعقاد کو خواتین کی عالمی کرکٹ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

Exit mobile version