لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کا 17 واں میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانا تھا جس کو اب بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث پہلے ٹاس کو مؤخر کیا گیا جب کہ دونوں ٹیمیں بھی مقررہ وقت سے دو ڈھائی گھنٹے بعد اسٹیڈیم پہنچی۔
بارش رکنے کے بعد آؤٹ فیلڈ سے کور ہٹا دیا گیا لیکن ایک مرتبہ پھر تیز بارش شروع ہوگئی جس کے باعث اسٹاف نے گراؤنڈ اور وکٹ کو دوبارہ کور سے ڈھانپ دیا۔
تاہم مسلسل بارش کے باعث اب میچ کو منسوخ کردیا گیا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ہے جب کہ دونوں ٹیمیں اب گراؤنڈ سے واپس روانہ ہوگئی ہیں۔
خیال رہے کہ پشاور زلمی کے 6 میچز میں 7 پوائنٹس ہوگئے ہیں، لاہور قلندر سات میچز کے بعد ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے جب کہ یہ پوائنٹ بھی انہیں بارش کے باعث ہی حاصل ہوا ہے۔
دوسری جانب آج کا دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان شام 7 بجے کھیلا جانا ہے لیکن راولپنڈی میں شام کے وقت میں بھی بارش کا امکان ہے جس کے باعث اس میچ کا انعقاد بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔
