سراج الحق نے کہا ہےکہ جعلی الیکشن میں کرپٹ لوگوں کو دوبارہ مسلط کردیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر، بیرونی کمپنیوں کی بجائے ملک کی زمینیں کسانوں کو دی جائیں۔
سراج الحق نے کہا کہ عوامی فیصلوں کا احترام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا جبکہ پی ڈی ایم ٹو کمپنی نہیں چلے گی، عوام نے انہیں مسترد کردیا، ہیر پھیر سے نظام نہیں چلتا، معاشی و سیاسی بحران منہ کھولے کھڑے ہیں، سیاسی جماعتوں کو شفاف الیکشن کا نظام وضح کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کاشت کاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہیں، کسان مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے جمع ہوجائیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ جعلی کھاد، بیج اور ادویات بیچنے والوں کو پکڑ کر سزائیں دی جائیں جبکہ زرعی مداخل اور بجلی کی قیمتوں میں 50فیصد کمی کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ جعلی الیکشن میں کرپٹ لوگوں کو دوبارہ مسلط کردیا گیا، جماعت اسلامی کو الیکشن ہرایاگیا ہم نے حوصلہ نہیں ہارا۔
