Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کنگز نے اعصاب شکن مقابلے میں آخری بال پر قلندرز کو شکست دے دی

پی ایس ایل 9 کے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو آخری گیند پر 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ 9 کے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کا 177 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے اوپنرز ٹیم سیفرٹ اور جیمز ونس نے 59 رنز کا اچھا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، ٹیم سیفرٹ 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ جیمز ونس نے 42 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے 24 رنز بنائے، شعیب ملک نے ذمہ دارانہ اننگ کھیلی اور 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، عرفان خان 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قلندرز کی جانب سے طیب عباس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین آفریدی، زمان خان اور سکندر رضا نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔

قلندرز کے فخر زمان نے 54 رنز کی اننگ کھیلی، جبکہ عبداللہ شفیق بھی 55 رنز کی اننگ کھیل کرآؤٹ ہوئے۔

سکندر رضا اور ڈیوڈ ویزے نے آخری اوورز میں لاٹھی چارج کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 177 تک پہنچایا، سکندر رضا 22 اور ڈیوڈ ویزے 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے زاہد محمود نے 2 اور انور علی کے علاوہ بلیسنگ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version