وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے جاری کیے۔
علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری 9 مئی کے واقعات سےمتعلق کیس میں جاری ہوئے، ان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے 2 اپریل کو علی امین گنڈا پور کو پیش کرنےکا حکم بھی دے دیا۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے جن اراکین کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں ان میں شبلی فراز، مراد سعید، زرتاج گل، شیریں مزاری، زلفی بخاری، شہباز گل شامل ہیں۔
ان کے علاوہ مسرت جمشید چیمہ،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی، سابق وزیر قانون بشارت راجہ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تھانہ آر اے بازار،ریس کورس،نیو ٹاوٴن،سول لائن،صادق آباد کی تفتیشی ٹیموں نے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں اور وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلیے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عبوری ضمانتیں کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق پولیس کی تفتیشی ٹیمیں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئیں اور تفتیش مکمل کرنے کیلیے وارنٹ گرفتاری کی استدعا کی، جج ملک اعجاز آصف نے یہ درخواستیں منظور کر لیں۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ کے وارنٹ جاری نہیں کیے گئے۔
