وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کے ترجمانوں کی ٹیم میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وزیراعظم ہاﺅس میں حکومتی ترجمانوں کا پہلا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے اجلاس میں میڈیا کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات وسینئر وزیر مریم اورنگزیب کے علاوہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمی زاہد بخاری، خیبرپختون خوا سے اختیار ولی، صوبہ سندھ سے کھیل داس کوہستانی نے بھی شرکت کی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق اور صوبوں میں پارٹی اور حکومتی ارکان کو ترجمان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان اپنے اپنے شعبوں کے حوالے سے میڈیا میں پارٹی اور حکومت کا دفاع کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران سوشل میڈیا کے لئے جامع حکمت عملی کی بھی منظوی دی گئی اور صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ترجمانوں کے درمیان اشتراک عمل قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
