وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سائفر کی آڑ میں پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ اور پاکستان کی ریاست کو نقصان پہنچایا، اس کے مطابق انہیں سزا ملی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پوری قوم کو جھوٹ بول کر گمراہ کیا، پی ٹی آئی نے پاکستان کے عالمی سطح پر تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنے سیاسی بیانیہ کو فروغ دینے کیلئے ریاست کو داﺅ پر لگایا، ایک شخص نے ریاست کے مفاد پر اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی، پاکستان کی تاریخ میں ایسا بہت کم ہوا ہے کہ کوئی بھی سیاسی لیڈر اپنی ذاتی اناءکی تسکین کے لئے قومی مفاد کو داﺅ پر لگا دے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انہوں نے پوری قوم سے جھوٹ بول کر ایسا بیانیہ گھڑا جس میں رتی برابر بھی حقیقت نہیں، جھوٹ کا ہمیشہ انجام برا ہوتا ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسہ میں سائفر لہرا کر کہا کہ ان کی حکومت کو گرانے کی سازش ہوئی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پاکستان کے تشخص کو متاثر کیا گیا لیکن آج امریکی نائب وزیر خارجہ ڈونلڈ لو نے کہا کہ سائفر کی کہانی سراسر جھوٹ پر مبنی تھی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو بدنام کرنے کی سازش کی، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ جھوٹ بولا اور پھر یو ٹرن لیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی جھوٹا اور منافق شخص ہے جس کی زبان سے سچ ادا نہیں ہوتا، اس کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے، جو بات ہم پچھلے دو سالوں سے کر رہے تھے وہ بات آج سچ ثابت ہوئی، اس کی گواہی پوری دنیا نے دیکھی،
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سائفر کی آڑ میں پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ اور پاکستان کی ریاست کو نقصان پہنچایا، اس کے مطابق انہیں سزا ملی ہے، کانگریس کی کمیٹی میں یہ خود گئے، انہوں نے سوچا ہوگا کہ وہاں سے کوئی ایسا بیان آئے گا جس سے ہمیں کوئی مدد ملے گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئی ایم ایف کے باہر احتجاج کر کے یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کو رہا کرو بصورت دیگر پاکستان کی امداد نہ کرنا، یہ پاکستان کے غریب عوام کی امداد بند کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ واشنگٹن میں پاکستان میں جمہوریت اور پاک امریکہ تعلقات پر امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں سماعت کے دوران امریکی معاون وزیرخارجہ ڈونلڈ لو نے بانی پی ٹی آئی کے سائفر کے الزام کو جھوٹا اور بے بنیاد قرا دے دیا۔
