گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ ارشد ندیم پیرس اولمپکس کی تیاری جنوبی افریقا میں کریں گے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اتھلیٹ نے کہا کہ گھٹنے کے آپریشن کے بعد دوبارہ ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے
انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں انجری کی وجہ سے ایونٹ سے دستبردار ہونے کا دکھ ہے تاہم اب یہ ہی ٹارگٹ ہے کہ اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر لاؤں۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے مکمل سپورٹ کا یقین دلایا ہے اور اس حوصلہ افزائی سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، یقین ہے کہ جنوبی افریقا میں جیولین تھرو کے ماہر کوچ کی نگرانی میں ٹریننگ کے بعد پہلے سے زیادہ بہتر تھرو کرسکوں گا۔
ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ارشد جہاں ٹریننگ کرے گا، وہاں بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا سمیت دنیا کے تمام بڑے اتھلیٹس آتے ہیں۔
سلمان اقبال نے کہا گھٹنے کے آپریشن کے بعد ارشد نے اپنا ری ہیب مکمل کیا، پھر اس کو مرحلہ وار جم ورک کروایا جارہا ہے جب کہ جنوبی افریقہ میں ٹریننگ سے واپسی پر ارشد دو سے تین انٹرنیشنل میٹس میں حصہ لے گا۔
اس سے قبل ورلڈ اور اولمپک چیمپئن بھارتی جیو لین تھرور نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کے حق میں آواز بلند کردی۔
بھارت کے چیمپئن کھلاڑی نیرج چوپڑا نے ایک انٹریو میں کہا کہ ارشد ندیم کو جیولین کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور میں یہ یقین کرنے کے لیے بالکل بھی تیار نہیں ہوں کیوں کہ وہ جس کلاس کے ایتھلیٹ ہے، ان کے لیے یہ کوئی مسئلہ ہونا نہیں چاہیے۔
