ہاکی فیڈریشن کانگریس کے خصوصی اجلاس میں ارکان نے ہاکی فیڈریشن کا نیا صدر منتخب کر لیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کانگریس کا خصوصی اجلاس پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوا جس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نماٸندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں کانگریس کے 93 میں سے 62 ارکان نے طارق بگٹی کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے دو تہاٸی اکثریت سے منتخب کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں طارق بگٹی نے کوئٹہ میں ہاکی ٹورنامنٹ کروانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد ہاکی کا میگا ٹورنامنٹ کوئٹہ میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، ہاکی کے فروغ کیلئے تمام وساٸل بروئے کار لائیں گے تاہم متوازی فیڈریشن بنانے کی کوشش کرنے والوں سے پوچھ گچھ کریں گے، ایسی کوشش کرنے والوں کو صفاٸی کا ایک موقع دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شہلا رضا کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدر منتخب کیا گیا تھا۔
پی ایچ ایف کے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ شہلا رضا پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدر بننے والی پہلی خاتون ہیں۔ کانگریس نے اجلاس میں شہلارضا کو متفقہ طور پر صدر منتخب کیا جب کہ راجا شجاع متفقہ طور پر خزانچی منتخب ہوئے تھے۔
