Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بدقسمتی سے سندھ حکومت کا عام عوام میں تاثر اچھا نہیں ہے،سعید غنی

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے سندھ حکومت کا عام عوام میں تاثر اچھا نہیں ہے۔

وزیر بلدیات، ہاؤسنگ ٹائون پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ و رورل ڈویلپمنٹ سندھ سعید غنی کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ کے افسران کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ تمام افسران صبح وقت کی پابندی کرتے ہوئے اپنے دفاتر میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں جہاں جہاں عام آدمی کا کام پڑتا ہے وہاں اسے سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا یہ تعارفی اجلاس لوکل گورنمنٹ کے ماتحت تمام محکموں کا ہے اور کل سے ایک ایک محکمہ کی علیحدہ علیحدہ بریفنگ لیں گے جبکہ افسران مقررہ وقت پر دفتر پہنچیں گے تو تمام اسٹاف بھی اپنے وقت پر پہنچیں گے۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ اس وقت بدقسمتی سے سندھ حکومت کا عام عوام میں تاثر اچھا نہیں ہے،  ہمیں اس کو مثبت تاثر میں بدلنا ہوگا، محکمہ بلدیات کے تمام اداروں میں بائیو میٹرک سسٹم کا نفاذ آئندہ ایک ماہ کے اندر اندر کردیا جائے اور اس سسٹم کو سینٹرلائیز کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام کونسلز کی ماہانہ رپورٹ مرتب کرکے اس کی کاپی مجھے بھی بھیجی جائے، تمام کونسلز کو خط لکھ کر ان کی تمام جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی جائیں تاکہ انہیں کمپیوٹرائزڈ کیا جاسکے۔

سعید غنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان تمام ٹائونز اور کونسلز کو جہاں جہاں خالی آسامیاں ہیں اور وہاں ان اسامیوں کے تحت ملازمین کو بھیجا گیا ہے ان کو فوری مذکورہ ٹائونز یا کونسلز میں جوائینگ ڈی جائے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ تمام یوسیز کو پابند کیا جائے کہ ان کو ملنے والے فنڈز جس مد میں انہیں مل رہے ہیں اسی مد میں وہ استعمال کریں۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید خالد حیدر شاہ،  ڈی کلک آصف جان صدیقی،  ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ،  تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے ڈی جی نے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے اجلاس میں آگاہی فراہم کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید خالد حیدر شاہ، ڈی جی ایس بی سی اے عبدالرشید سولنگی، ڈی جی سندھ سولڈ ویسٹ امتیاز شاہ، ڈی جی کے ڈی اے شجاعت علی، ڈی جی ملیر ڈویلپمنٹ نجب سہتو، ایڈیشنل ڈی جی ایس ڈی اے، پی ڈی کلک آصف جان صدیقی، پی ڈی میگا پروجیکٹ سندھ عبدالغنی، ایم ڈی واٹربورڈ کارپوریشن صلاح الدین، ریجنل ڈائریکٹر کراچی لوکل گورنمنٹ انور احمد رک و دیگر افسران شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version