گورنر سندھ نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹر بھائی چارے اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی تعلیمات محبت،اخوت اور ایثار پر مبنی ہیں ، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے، صوبہ میں خصوصا تعلیم و صحت کے شعبوں میں مسیحی کمیونٹی کی خدمات اپنی مثال آپ ہیں۔
یاد رہے کہ ہر سال دنیا بھر میں مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار مناتی ہے جس کے دوران مہمانوں کی آؤ بھگت کے لئے انواع و اقسام کے کیک، بسکٹ اور دیگر ڈشز تیار کی جاتی ہیں۔
ایسٹر کے تہوار سے جُڑی سب سے دلچسپ روایت ‘ایسٹر ایگز’ کی ہے، بچے نہایت شوق اور دلچسپی کے ساتھ انڈوں کو قوس و قزاح کے رنگوں میں رنگ دیتے ہیں جس کے بعد عزیز و اقارب کے ساتھ کھیل کے مقابلوں میں انہیں استعمال کیا جاتا ہے۔
