فرانس میں ماہ مقدس میں مسجد کی بے حرمتی کے خلاف مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس میں صرف ایک ہفتے کے دوران دو مختلف شہروں کی 3 مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک مسجد کے باہر سور کا سر پھینکا گیا جب کہ دو پر حملہ کرکے نمازیوں کو ہراساں کیا گیا۔
فرانسیسی شہر دی ژون کے جوار میں واقع گینلس قصبے میں حال ہی میں عبادت کے لیے کھولی جانے والی مسجد کے سامنے موجود لوہے کی سلاخوں پر کسی نے حرام جانور کا کٹا ہوا سر لٹکا دیا۔
بعد ازاں پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ گینلس بلدیہ کے میئر کی جانب سے واقعے کی مذمت کی گئی اور ساتھ ہی وہاں مقیم مسلمانوں کے ساتھ تعاون کا اعلان بھی کیا۔
دوسری جانب فرانس میں نسل پرستی کے خلاف سر گرم عمل ایک انجمن نے بھی اس حرکت کی سختی سے مذمت کی ہے۔
مسلم رہنماؤں نے کہا کہ انتہاپسندوں نے مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے کے لیے مسجد جیسی مقدس جگہ پر ایک حرام جانور کا سر کاٹ کر پھینکا تاکہ مسلمانوں کے جذبات مجروح کیے جا سکیں۔
