Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ حکومت کا استعمال شدہ گاڑیوں کی ٹرانسفر پر فزیکل فٹنس چیکنگ ختم کرنے کا فیصلہ

کراچی : حکومت سندھ کی جانب سے استعمال شدہ گاڑیوں کی ٹرانسفر پر فزیکل فٹنس چیکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری ایکسائز، ڈی جی ایکسائز، آٹوموٹو ٹریڈرز اینڈ امپورٹررز ایسوسی ایشن کے نمائندگان شریک ہوئے۔

اجلاس میں گاڑیوں کی ٹرانسفر پر دفتری کاغذی کارروائی فی الحال جاری رکھنے، مستقبل میں ختم کرنے پر بھی غور کیا گیا جب کہ گاڑیوں کی آن لائن ٹرانسفر کے لئے سافٹ ویئر لانچ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں تاجروں نے گاڑیوں کی رجسٹریشن، فزیکل فٹنس سمیت دیگر مسائل سے متعلق سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو آگہی دی۔

ملاقات میں پرائیویٹ اور کمرشل گاڑیوں کے کرنٹ اور بیک لاگ کے مسئلے بھی گفتگو ہوئی جب کہ گاڑیوں کی نئی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کا نظام آن لائن کرنے کے لیے جدید طریقہ کار شروع کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے تاجروں کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گاڑیوں کی ٹرانسفر پر دفتری کاغذی کارروائی فی الحال جاری رہے گی، جلد ہی اس کو بھی ختم کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، تاجر، خاص طور پر کراچی کے ٹریڈرز اور امپورٹرس ملکی معیشت میں اہم حیثیت کے حامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے، گاڑیوں کے رجسٹریشن سمیت تاجروں کے دوسرے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

انہون نے مزید کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کی وجہ سے تاجروں کو  دشواری نہیں ہوگی،  اس ضمن میں پہلے ہی ہدایات جاری کرچکے ہیں۔

اجلاس میں آٹوموٹو ٹریڈرز اینڈ امپورٹررز ایسوسی ایشن کے سجاد بھٹی، اعراف پراچہ، محمد اکبر،  عبدالرحیم، امجد عاقل اور اعجاز احمد شریک ہوئے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version