Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سال 2024 کے دوران گندم کی خریداری کے ہدف کی منظوری دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ پاسکو، صوبہ سندھ اور بلوچستان کیلئے گندم کی خریداری کے اہداف مقرر کیے گئے جب کہ  گندم خریداری کیلئے کیش کریڈٹ لمٹ کی بھی منظوری دیدی۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ گندم کی خریداری کیلئے 274 ارب روپے کے کیش کی منظوری دی گئی، رقم بینکوں سے گندم کی خریداری اور اسٹاک کیلئے لی جائے گی جب کہ سندھ، بلوچستان اور پاسکو کیلئے 24 لاکھ 50 ہزار ٹن گندم خریدی جائے گی۔

اس کے علاوہ پاسکو بھی 14 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر خریدے گی، پاسکو کیلئے گندم کی خریداری کیلئے 169 ارب روپے کے کیش کی منظوری دی گئی، پاسکو کیلئے 3900 روپے فی من کے حساب سے گندم  خریداری کی منظوری دی گئی۔

ذرائع وزارت خزانہ نے مزید بتایا کہ سندھ کیلئے 4000 روپے فی من خریداری کی منظوری دی گئی اور سندھ کیلئے 10 لاکھ ٹن گندم کیلئے 100 ارب روپے کے کیش کی منظوری دی گئی، سندھ 100 ارب سے 10 لاکھ ٹن گندم خریدے گا۔

ذرائع نے کہا کہ بلوچستان 5.7 ارب روپے سے 50 ہزار ٹن گندم خریدے گا، بلوچستان کیلئے 4300 روپے فی من کے حساب سے گندم خریداری کی منظوری دی گئی۔