Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی روضہ رسول ﷺ پر حاضری، نوافل کی ادائیگی

وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے اور آج رات مدینہ منورہ میں قیام کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم پی آئی اے کی پرواز پی کے 859 کے ذریعے لاہور سے مدینہ روانہ ہوئے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت 31 افراد پر مشتمل وفد روانہ ہوا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عشاء کی نماز اور نوافل کی ادائیگی کی جبکہ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری کی سعادت بھی حاصل کی۔

وزیراعظم نے امت مسلمہ اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی جبکہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی خصوصی دعا کی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب میں قیام کے دوران وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے اور مسجد نبویؐ میں نماز ادا کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دیں گے۔

وزیراعظم کے وفد میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان دورے کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version