ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر سنیل نارائن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم میں واپسی کے امکان کو مسترد کردیا۔
ویسٹ انڈین آل راؤنڈر سنیل نارائن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں واپسی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ کچھ لوگ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے میری ریٹائرمنٹ کی واپسی کی خواہش ظٓاہر کرہے ہیں۔
انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف سنیل نارائن کا کہنا تھا کہ میں اپنا فیصلہ کر چکا ہوں، ریٹائرمنٹ واپس نہیں لوں گا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈین کپتان راومن پاول نے سنیل نارائن کے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سنیل نارائن بھی ان ایکشن ہوں اور اس حوالے سے انہوں نے مختلف کھلاڑیوں سے بات کی تھی کہ وہ سنیل نارائن کو منائیں۔
واضح رہے کہ سنیل نارائن آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈر کی جانب سے بطور اوپننر کھیلتے ہیں اور وہ بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
