نیوزی لینڈ نے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کے 178 رنز کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا سکی۔
پاکستان کے اوپنرز صائم ایوب اور بابر اعظم کی جوڑی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکی، صائم ایوب نے 20 جبکہ بابر اعظم کی اننگ 5 رنز تک محدود رہی۔
فخر زمان کی 61 رنز کی مزاحمتی اننگ بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی، افتخاز 23، عثمان 20 اور شاداب خان نے 7 رنز بنائے، جبکہ عماد وسیم 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کیوی بولر ولیم او روروک نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ بین سیئرز 2 ، مائیکل بریسویل اور جیمز نیشم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کیوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے ٹیم کو 56 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، ٹم رابنسن 51، ٹام بلینڈل 28، فاکس کرافٹ 34 اور مائیکل بریسویل نے 27 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 3 جبکہ محمد عامر، اسامہ میر، افتخار احمد اور زمان خانے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آخری میچ 27 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
