Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں دودھ کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

کراچی میں دودھ فروشوں نے دودھ کی فی لیٹرقیمت میں 10 روپے کا اضافہ کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق شہر کے اکثر مقامات پر دودھ فروش سرکاری قیمت 200 کے بجائے دودھ 210 روپے فی لیٹرفروخت کررہے ہیں۔

حالانکہ نگراں حکومت نے شہر قائد میں فی لیٹرقیمت میں20 روپے کم کرائے تھے اور نگراں حکومت نے دودھ کی فی لیٹرفروخت 200 روپے میں یقینی بنائی تھی۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کم کرنے کی باتیں کرنے والی حکومت مہنگائی روکنے میں ناکام ہے، آئے دن مہنگائی کی شرح میں کمی کے دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن پیٹرول ، دودھ ، گوشت سمیت دیگر اشیائے خوردونوش میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

کچھ شہریوں نے شکوہ کیا کہ پیٹرول اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے باوجود دودھ فروشوں کا قیمت بڑھانا سندھ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔

شہریوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سندھ حکومت کی بدترین کارکردگی کا نوٹس لیں کیوں کہ وہ مہنگائی روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version