Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نازک حصے پر گیند لگنے سے کھلاڑی جان کی بازی ہارگیا

کرکٹ میچ کے دوران جسم کے نازک حصے پر گیند لگنے سے 11 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں کچھ نوجوان ان ڈور کرکٹ کھیلنے میں مصروف تھے کہ اس دوران ایک زور دار شارٹ 11 سالہ لڑکے کے نازک حصے پر لگ گئی۔

ان ڈور کرکٹ کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ بچے کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں اور جس لڑکے کو گیند لگی وہ اس وقت بولنگ کروانے میں مصروف تھا۔

میچ کے دوران ایک گیند پر بلے باز زور دار شارٹ مارتا ہے اور گیند سیدھا بولر کی جانب جاتی ہے لیکن وہ اسے پکڑنے میں ناکام ہوتا ہے اور گیند اس کے نازک حصے پر لگ جاتی ہے جس سے وہ وہیں لیٹ جاتا ہے۔

وہاں موجود دیگر بچے بھاگ کر اس کے پاس آتے ہیں لیکن تب تک وہ درد کے مارے بے ہوش ہوچکا ہوتا ہے جس کے بعد وہ فوری طور پر اسے قریبی اسپتال پہنچاتے ہیں۔ تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹر نے 11 سالہ بچے کو مردہ قرار دے دیا۔

 بھارتی پولیس کے مطابق موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی تاہم پولیس نے لڑکے کی حادثاتی موت کے حوالے سے کیس درج کرلیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version