ڈبلن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان اورآئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
آئرلینڈ نے 183 رنزکا ہدف آخری اوورمیں حاصل کیا۔ اینڈی بالبرنی نے77رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ عباس آفریدی2، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اورعماد وسیم نے ایک ایک وکٹ لی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم 57 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
علاوہ ازیں صائم ایوب 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 1 رن ہی بناسکے، اعظم خان اور شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان نے 20 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ افتخار احمد 37 رنز کی جارحانہ اننگز اور شاہین آفریدی 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ گیرتھ ڈیلینی اور مارک ایڈیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستان الیون
قومی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور عباس آفریدی شامل ہیں۔
آئرلینڈ الیون
پال اسٹرلنگ (کپتان)، مارک ایڈیر، اینڈریو بالبرنی، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلینی، جارج ڈوکریل، بیری میک کارتھی، ہیری ٹیکٹر، لارکن ٹکر (وکٹ کیپر)، بین وائٹ اور کریگ ینگ۔
