انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نامور ٹیسٹ فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سیزن کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ جیمز اینڈریسن ٹیسٹ کرکٹ میں 700 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے اور واحد فاسٹ بولر ہیں جب کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سری لنکا کے جادوگر اسپنر مرلی دھرن 800 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں اور شین وارن 708 وکٹیں حاصل کرکے دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے انسٹاگرام پر فاسٹ بولر کی جانب سے دیا گیا بیان شیئر کیا گیا جس میں جیمز اینڈرسن نے اعلان کیا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 10 جولائی کو لارڈز میں شیڈولڈ ہے جو اینڈرسن کے کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔ جب کہ انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے 2003 میں زمبابوے کے خلاف لارڈز کے میدان سے ہی ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور وہ اب تک 187 ٹیسٹ میچز میں 700 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
