Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور ہائی کورٹ میں 800 مقدمات کے فیصلے ہوئے، اعلامیہ

لاہور ہائی کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق عدالت نے 800 مقدمات کے فیصلے کیے جب کہ ضلعی عدلیہ میں 11 ہزار سے زائد مقدمات نمٹائے گئے۔

آج لاہور ہائی کورٹ لاہور پرنسپل سیٹ اور تمام علاقائی بنچز ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی سمیت ماتحت عدالتوں میں عدالتی کارروائی معمول کے مطابق جاری رہی جب کہ لاہور ہائی کورٹ پرنسپل سیٹ پر کسی بھی کیس کو وکلاء کی ہڑتال کے باعث موخر نہ کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ تقریباََ تمام کیسز میں فریقین کے وکلاء عدالتوں میں پیش ہوئے اور ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی گئی، جن مقدمات میں وکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے ان مقدمات کا ریکارڈ دیکھ کر قانون کے مطابق فیصلہ کردیا گیا جب کہ کچھ مقدمات عدم پیروی پر خارج کردیئے گئے۔

لاہور ہائی کورٹ کے ریکارڈ کے مطابق آج بروز سوموار لاہور پرنسپل سیٹ پر 399 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔ عدالت کے علاقائی بنچز ملتان میں 235، بہاولپورمیں 95 اور راولپنڈی بنچ پر61 مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔

اسی طرح صوبہ پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں 11 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔ وکلاء بار اور بنچ کے درمیان تصادم پیدا کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔ وکلاء ماضی میں بھی عدلیہ کی آزادی اور آئین کی سربلندی کے لئے لازوال قربانیاں پیش کر چکے ہیں۔

وکلاء اور عدلیہ کی آپس میں مبینہ محاذ آرائی پر خوش ہونے والے عناصر کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وکلاء ان عناصر پر نظر رکھیں جو عدلیہ اور وکلاء کو آپس میں لڑوانے کی سازش میں ملوث ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version