پاکستان کرکٹ بورڈ نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
پی سی بی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے لیے ابتدائی طور پر اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ ہی فائنل کیا گیا ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی ہے۔
قومی سلیکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ٹیم متوازن ہے، تجربہ کاراورنوجوان کرکٹرزشامل ہیں، حارث رؤف فٹ ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ان کا کرداربہت اہم ہوگا، جب کہ عباس آفریدی، صائم ایوب، عثمان خان، اعظم خان، ابراراحمد پہلی بارٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلیں گے۔
15 رکنی اسکواڈ:
بابراعظم مسلسل تیسرے ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، صائم ایوب، فخرزمان، عثمان خان، اعظم خان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، ابرار احمد، عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابر اعظم کی قیادت میں 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان آج دن میں کیا جانا تھا تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کا اعلان روک دیا تھا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے قومی سلیکشن کمیٹی کے عمل پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے جو ٹیم منتخب کی گئی تھی، اس پر تمام سلیکٹرزمتفق نہیں تھے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے اسکواڈ کے نام آئی سی سی کو بھیجنے کی کل 25 مئی آخری تاریخ ہے اور پاکستان کے پاس کل تک کا وقت تھا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کا آغاز یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا، پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےگروپ اے میں شامل ہے، جب کہ گروپ اے کی دیگر ٹیموں میں بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اورامریکہ ہیں۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا، پاکستان اوربھارت کے درمیان میچ 9 جون کو نیویارک میں کھیلا جائے گا، جب کہ پاکستان اورکینیڈا 11 جون کو مدمقابل ہوں گے، اور 16 جون کو پاکستان آخری گروپ میچ آئرلینڈکےخلاف کھیلےگا۔
