کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے مشتبہ ڈکیت ہلاک ہوگیا، پولیس نے دوسرے ڈاکو کو زندہ جلانے سے بچالیا۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن پولیس کے ایس ایچ او جمال لغاری نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن میں ارسلان نامی شہری اپنے گھر سے نکلا تو اس دوران علاقے کی بجلی چلی گئی، وہ موٹرسائیکل پر قریبی دودھ کی دکان پر پہنچا اور وہاں کچھ خریداری کرنے لگا۔
پولیس نے بتایا کہ دو مشتبہ افراد نے شہری سے پہلے موبائل چھینا اور پھر اس کی موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے، ڈکیتی کے بعد وہ جیسے ہی فرار ہوئے تو وہاں موجود دیگر لوگ مدد کے لیے آگئے۔
شہریوں نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا اور ان میں سے ایک کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئے، ہجوم نے مشتبہ شخص کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
بعد ازاں، شہری دوسرے مشتبہ شخص کو بھی پکڑنے میں کامیاب ہوگئے، جو پستول کی نوک پر ایک رکشہ ڈرائیور کو یرغمال بناکر اس میں سفر کررہا تھا، ہجوم نے اس شخص کو آگ لگانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے بچالیا۔
