راولپنڈی: بھارتی سفارتخانہ کا 3 رکنی وفد بھارتی قیدیوں سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی سفارتخانہ کا 3 رکنی وفد اڈیالہ جیل پہنچ گیا ہے، جیل پہنچنے والوں میں فرسٹ سیکرٹری سمیت 2 اسٹاف ممبر شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد نے اڈیالہ جیل میں قید بھارتی قیدیوں سے ملاقات کی جب کہ ملاقات کے بعد وفد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی وفد میں فرسٹ سیکرٹری وینکتیش وارلو سدھارا، اسٹاف ممبر دھرووبرگجر اور پیتم سنگھ کرن شامل ہیں جب کہ بھارتی وفد نے قیدیوں فیروز احمد اور نور مشتاق وانی سے ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں قیدی گلگت بلتستان جیل سے آج ہی اڈیالہ جیل منتقل کئے گئے تھے، بھارتی وفد کی قونصلر رسائی کے وقت وزارت داخلہ کے افسران اویس اور عبدالرحمنٰ بھی موجود تھے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارتی وفد کی قیدیوں سے ملاقات ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کے کمرے میں کرائی گئی، مبینہ بھارتی قیدی غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کرنے پر گرفتار ہیں۔


















