پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ میں کارکردگی نہ دکھانے والے 2 سے 3 ممبران کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
خیبرپختونخوا حکومتی ذرائع کے مطابق کابینہ میں کارکردگی نہ دکھانے والے 2 سے 3 ممبران کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ وزیر اعلیٰ نے ممبران کو آخری وارننگ دے دی ہے تاہم انہیں جلد ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکردگی میں پیش رفت نہ دکھانے پر وزیراعلیٰ بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کریں گے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں پیش رفت کے بعد ممبران کو کابینہ سے ہٹایا جائے گا۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ممبران کے فارغ کرنے کے بعد کابینہ میں کون شامل ہوگا، اس کا اختیار وزیراعلیٰ اور بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔
ذرائع نے کہا کہ وزیراعلیٰ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد اعلان کریں گے، پہلے مرحلے میں وارننگ جاری کی جائے گی جب کہ کارکردگی بہتر نہ ہونے پر فارغ کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ ممبران سے اپنے اپنے محکمہ میں سو فیصد کارکردگی چاہتے ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ کارکردگی نہ دیکھانے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالسی پر گامزن ہیں۔


















