لاہور کے علاقے مناواں میں مبینہ طور پر مضر صحت نوڈلز کھانے سے دو بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مناواں کے علاقے میں گھر میں مبینہ طور پر مضر صحت نوڈلز کھانے سے دو کمسن بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔
اہلخانہ کے مطابق بچوں نے نوڈلز کھائے تھے جس سے اُن کو الٹیاں آنا شروع ہوگئیں، طبعیت خراب ہونے پر بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ مضر صحت نوڈلز کھانے سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 8 سالہ عبدالرافع، 11 سالہ مریم کے نام سے ہوئی، لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا ہے کہ محمد زیشان کی مدعیت میں نا معلوم دوکاندار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ٹیم تشکیل دے کر نامعلوم دوکاندار کو تلاش کیا جارہا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ نامعلوم دوکاندار کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا، جب کہ میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں تفتیش مزید آگے بڑھائی جائےگی۔
