قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان کو گینڈا کہہ کر مخاطب کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں اگرچہ بابر اعظم کی جانب سے کہے گئے الفاظ واضح طور پر سنائی نہیں دیتے لیکن یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ ساتھی کرکٹر کی جسامت پر طنز کر رہے ہیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بعض صارفین کا کہنا ہے کہ بابراعظم، وکٹ کیپر بلے باز کو گینڈا کہہ رہے ہیں جب کہ بعض نے دعویٰ کیا کہ وہ گینڈا نہیں بلکہ وہ انہیں کندھا (شولڈر) سیدھا کرنے کا کہہ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین بابر اعظم کی جانب سے کہے گئے الفاظ پر منقسم دکھائی دیتے ہیں اور ویڈیو میں بھی واضح طور پر یہ سمجھ نہیں آرہا کہ وہ انہیں کیا کہہ کر مخاطب کررہے ہیں۔
بعض صارفین نے لکھا کہ اگر کپتان ہی اپنے کھلاڑی کی جسامت پر جملے کسیں گے تو مداح بھی ایسا ہی کریں گے۔
واضح رہے کہ بابراعظم نے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد کو ’چاچا‘ کہہ کر پکارتے ہیں جس کے بعد سے وہ دنیا بھر میں چاچا کے نام سے مشہور ہوگئے ہیں۔
