عیدالاضحی سے قبل سبزی فروشوں کی من مانیوں کی وجہ سے سبزی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
عیدالاضحیٰ سے پہلے ہی ٹماٹر، لیموں، ہری مرچی اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھ کر عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا۔
شہر قائد میں 75 سے 80 روپے کلو میں فروخت ہونے والا ٹماٹر سبزی فروش 200 سے 250 روپے فی کلو میں فروخت کررہے ہیں۔
لیموں کی قیمت 800 روپے فی کلو تک وصول کی جارہی ہے، ہری مرچ کی قیمت 300 سے 400 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے۔
آلو کی قیمت بھی راتوں رات 100 روپے کلو سے 125 روپے کلو تک پہنچ گئی، اسی طرح ادرک، لہسن، دھنیا، کچا پپیتا اور دیگر سبزیاں بھی مہنگی کردی گئی ہیں۔ ادرک کی قیمت 800 روپے کلو تک جاپہنچی۔



















