لاہور: پہلی مرتبہ آٹے کے نرخ مقرر کرنے پر صوبائی کابینہ کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا 11 واں اجلاس ہوا جس میں صوبائی کابینہ نے پہلی مرتبہ آٹے کے نرخ مقرر کرنے پر وزیراعلی مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ 500 یونٹ تک خرچ کرنے والے 45 لاکھ صارفین کے لئے سولر سسٹم لا رہے ہیں، بجلی کے بل بڑھنے کی وجہ سے عوام میں بے چینی ہے، اپنی ٹیم سے مل کر اس کاحل تلاش کیا-
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب کی سوشل اکنامک رجسٹری کام شروع کررہی ہے، پروٹیکٹڈ صارفین کے لئے ٹیکس واپس لینا خوش آئند امر ہے جب کہ گندم نہ خریدنے کے باوجود آٹے کے نرخ کنٹرول کرنا آسان امر نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ آٹے کے نرخ 200 روپے بڑھنے پر اپنی ٹیم کو فوراً بلا لیا، آٹا سستا رکھنے کے لئے مانیٹرنگ اور عمل درآمد ضروری امر ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فوڈ منسٹر 16 گھنٹے بنیادی اشیاء خورونوش کے نرخ کنٹرول کرنے پر صرف کریں، فوڈ منسٹر کی انفرادی کارکردگی پوری کابینہ پر بھاری ہے، مل جل کر محنت کے ساتھ سب نے آگے بڑھنا ہے-
مریم نواز کہتی ہیں کہ 4 ماہ میں پنجاب کی ینگ کابینہ نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا، غریب ملک میں رہتے ہیں عوام کے مفادات کا تحفظ بہت ضروری ہے-
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ سرمایہ کار امیر ہوجائیں اور غریب آدمی اپنی چھت بنانے سے بھی رہ جائے۔
