بھارت کو ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنانے والے کوچ راہول ڈریوڈ نے آدھی انعامی رقم واپس کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم کے لیے 125 کروڑبھارتی روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لیے 5،5 کروڑ، کوچنگ اسٹاف کے لیے ڈھائی کروڑ اور سلیکٹرز سمیت دیگر اسٹاف کے لیے ایک کروڑ روپے رکھے تھے۔
بطور ہیڈ کوچ اپنے آخری اسائمنٹ میں کامیابی پر کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کو اضافی بونس دیتے ہوئے 5 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا یعنی دیگر کوچنگ اسٹاف سے ڈبل رقم دی۔
تاہم سابق ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی دیگر کوچز کے برابر رقم لیں گے۔
سابق ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ وہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچز کے مقابلے میں زیادہ رقم حاصل نہیں کرنا چاہتے، بلکہ ان کے برابر ہی انعامی رقم وصول کرنا چاہتے ہیں۔
