وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ عوام کے دلوں میں شہید بے نظیر بھٹو کا پیغام آج بھی زندہ ہے۔
لاڑکانہ میں شہید بے نظیر بھٹو کے 17 ویں یوم شہادت کے موقع پر ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے نظریے کا مشن بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی صورت میں جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں بے نظیر بھٹو اسکالرشپ کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت بلوچستان حکومت مکمل طور پر فنڈڈ اسکالرشپ فراہم کر رہی ہے۔
سرفراز بگٹی نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں پیپلز ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز جلد کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو ہنگامی طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے پانچ اضلاع میں خاتون ڈپٹی کمشنرز تعینات ہیں، جو اپنے فرائض میں مردوں سے بہتر کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے قرضوں کی اسکیم کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت نوجوان آسان اقساط میں قرضے حاصل کر کے اپنے کاروبار کا آغاز کر سکیں گے۔
سرفراز بگٹی نے اس موقع پر بلوچستان میں بے نظیر کسان کارڈ کی بھی رونمائی کی، جو کسانوں کو مختلف سہولتیں فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری ہر ماہ ان سے بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے معلومات حاصل کرتے ہیں اور مسلسل نگرانی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق سیلاب زدگان کو نئے گھروں کی فراہمی کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد نئے گھر مل سکیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پیپلز پارٹی کی ترقیاتی پالیسیوں کو سراہا اور بلوچستان میں مزید ترقیاتی منصوبوں کے جلد آغاز کی امید ظاہر کی۔
