راولپنڈی: پاک بحریہ کے جہاز اصلت نے بیرون ملک تعیناتی کے دوران انڈونیشیا میں کثیرالقومی بحری مشق کموڈو-2025 میں شرکت کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشق کموڈو-25 میں 38 ممالک کی بحری افواج نے شرکت کی، تاہم پاک بحریہ کی بین الاقوامی بحری مشق میں فعال شرکت، علاقائی امن و استحکام کے لیے عزم کا مظہر ہے۔
مشق کا آغاز فلیٹ ریویو سے ہوا جہاں پی این ایس اصلت نے دیگر جنگی جہازوں کے ساتھ باہمی تعاون کا اور بحری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر کمانڈنگ آفسر پی این ایس اصلت نے کولمبو سری لنکا کا بھی دورہ کیا اور کمانڈر ویسٹرن نیول ایریا اور دیگر فوجی حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک بحریہ کے جہاز ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول پر باقاعدگی سے تعینات کیے جاتے ہیں۔
پی این ایس اصلت کا سری لنکا اور انڈونیشیا کا دورہ دونوں دوست ممالک کے ساتھ بحری تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
