پاکستان میں پہلی بار سرکاری سطح پر “ہائیڈروسیڈنگ” کی جدید تکنیک کا تجربہ کیا گیا ہے، جس سے بنجر زمینوں کو سرسبز کرنے کی امید پیدا ہوچلی ہے۔
تجربے کا مقصد بنجر زمینوں کو سرسبز بنانا اور ماحولیاتی بحالی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ یہ تجربہ محکمہ جنگلات پنجاب کی جانب سے فاریسٹ پارک جلو میں کئی ایکڑ رقبے پر کیا گیا۔
مزید پڑھیں: 24 ملین سال پرانا راز افشا؛ گینڈے کے دانت سے قدیم ترین پروٹین دریافت
محکمہ جنگلات کے مطابق ہائیڈروسیڈنگ کے تحت بیج، کھاد، پانی، نامیاتی مواد اور مٹی کو بہتر بنانے والے اجزا پر مشتمل محلول کو خصوصی مشینری کے ذریعے زمین پر اسپرے کیا گیا۔
یہ تکنیک ان علاقوں میں مؤثر ثابت ہوتی ہے جہاں روایتی بیج بونے کے طریقے ناکام ہو جاتے ہیں، جیسے پہاڑی ڈھلوانیں، بنجر زمینیں، یا وہ مقامات جہاں بارش اور پانی کے بہاؤ سے مٹی کا کٹاؤ ہوتا ہے۔
محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ چین نے اس تکنیک سے صحرائی علاقوں کو سرسبز بنانے میں کامیابی حاصل کی، جب کہ آسٹریلیا، کینیڈا، برطانیہ، اسپین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بھی یہ طریقہ شہری سبزہ کاری، واٹرشیڈ مینجمنٹ اور زمین کی بحالی کے لیے مؤثر طور پر اپنایا جا چکا ہے۔
