طاقتور ٹائیفون ڈوجوان کے جاپان کے قریب پہنچنے پر حکام نے پانچ صوبوں میں 16 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی، جبکہ دارالحکومت ٹوکیو سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا خدشہ ہے۔
طوفان کے باعث جاپان میں تقریباً 300 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ بعض ٹرین سروسز بھی معطل ہوگئی ہیں۔
کاناغاوا میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک مکان ملبے تلے دب گیا، جس کے بعد فائر فائٹرز کو ایک خاتون کے زندہ دفن ہونے کا خدشہ ہے۔ چیبا میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے مقام پر پھنسنے والے ایک شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ٹائیفون ڈوجوان کے ساتھ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ جھکڑوں کی رفتار 194 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ ٹوکائی خطے میں 350 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔
حکام نے شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے اور انخلا کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ رواں سال بحرالکاہل میں آنے والے طوفانوں کی شدت کو ’’سپر ال نینو‘‘ کے باعث سمندر کے غیر معمولی گرم پانی سے بھی جوڑا جارہا ہے۔


















