Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران نے ہائپر سونک میزائلوں کی رفتار ماک 6 سے بڑھا کر ماک 10 کر دی، محسن رضائی

ایرانی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا جواب امریکی معیشت کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنے ہائپرسونک میزائلوں کی رفتار میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے ماک 6 سے بڑھا کر ماک 10 تک پہنچا دیا ہے۔

ایرانی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکا کو خبردار کیا کہ اگر ایرانی معیشت کو نشانہ بنایا گیا تو ایران امریکی اقتصادی مفادات اور کمپنیوں کو ہدف بنائے گا۔

محسن رضائی کے مطابق ایرانی معیشت پر حملے کی صورت میں امریکی ڈرلنگ، تجارتی اور کاروباری کمپنیوں کو نشانہ بنایا جائے گا، جبکہ جہاں کہیں بھی امریکی جہاز موجود ہوں گے انہیں بھی حملوں کا ہدف بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا جواب امریکی معیشت کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا۔

ایرانی سلامتی کونسل کے سربراہ نے بتایا کہ ایران نے اپنے دفاعی نظام اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں کو بھی مزید ترقی دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ہائپرسونک میزائلوں کی رفتار ماک 6 سے بڑھا کر ماک 10 کردی ہے۔

محسن رضائی نے عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ امریکا کو اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال کرنے سے روکیں۔ انہوں نے ہمسایہ ممالک سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے خلاف امریکی اقدامات میں کسی قسم کا تعاون نہ کریں۔

محسن رضائی کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ تاہم میزائل کی رفتار اور دیگر فوجی صلاحیتوں سے متعلق دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق اس خبر میں دستیاب نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں