پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی دعوت کو قبول کرلیا ہے جس کے بعد حکومتی اور پی ٹی آئی وفود کے درمیان کل دن 12 بجے اسپیکر آفس میں ملاقات ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومتی وفد سے ملاقات کل دن 12 بجے اسپیکر آفس میں ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کو حکومت کی جانب سے کل ملاقات کا پیغام موصول ہوا جسے انہوں نے آج کے اپوزیشن اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی روشنی میں قبول کر لیا۔
انشاء اللہ کل دوپہر 12 بجے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دفتر میں اپوزیشن اور حکومتی وفود کے درمیان ملاقات… pic.twitter.com/dNcXI83lL8— Barrister Gohar Khan (@BarristerGohar) October 1, 2026
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لیے ملاقات کا پیغام موصول ہوا جسے پی ٹی آئی نے قبول کرلیا ہے۔
اس پیش رفت سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بیرسٹر گوہر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا جس میں ملاقات سے متعلق بات چیت کی گئی۔
خیال رہے کہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکومت کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی جس پر حکومت نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی۔
حکومت کی جانب سے اسپیکر آفس میں ملاقات کی دعوت اسی مذاکراتی پیشکش کے جواب میں دی گئی ہے جس کے بعد دونوں فریقین کے وفود کی ملاقات طے پاگئی ہے۔
