سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیئے، 6 دہشت گرد مارے گئے۔
سیکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں فتنہ الہندوستان جبکہ عزم استحکام ویژن کے تحت خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی جس میں 6 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کوکواڈ کاپٹرزکے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
ہلاک دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، علاقےمیں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمہ کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری طرف خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی جس میں خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے اور سرنگیں تباہ کی گئیں، بڑی مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آپریشن کے دوران متعدد دہشت گردوں کے جہنم واصل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، سرچ آپریشن کے دوران دھماکہ خیزمواد برآمد کر کے بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے ناکارہ کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسزعزم استحکام ویژن کے تحت ملک بھر سے دہشتگردی کےناسور کے خاتمہ کے لیے پرعزم ہیں۔
