Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملیر سے پپری تک احتجاجی ریلی، حلیم عادل شیخ کی عوام کو شرکت کی دعوت

قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے تحریک انصاف کی جانب سے مہنگائی کیخلاف سندھ میں جاری احتجاجی تحریک میں شرکت کیلئے عوام کو دعوت دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں حلیم عادل شیخ نے بتایا کہ تحریک انصاف کی جانب سے آج ملیر سے پپری تک مہنگائی مٹاؤ، الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جس کے اختتام پر پپری فٹبال گراؤنڈ میں احتجاجی جلسہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جلسے سے مرکزی صوبائی قیادت و اراکین اسمبلی خطاب کریں گے، میں ملیر کی عوام احتجاجی ریلی اور جلسے میں شرکت کی دعوت دیتا ہو‍ں، عوام اپنے حقوق کیلئے بھرپور طریقے سے نکلیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ بھر میں بھرپور ممبر سازی مہم بھی جاری ہے اور مہنگائی کیخلاف بھی سندھ بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی گئی ہے۔

5 کلو آٹے کے پیچھے لوگ جان سے جارہے ہیں

انکا کہنا تھا کہ مہنگائی نے غریب سے جینے کا حق چھین لیا ہے، جس شخص کو دیوالیہ کا مطلب معلوم نہیں اسے غریب کا بھی علم نہیں، جس شخص نے کپڑے بیچ کر سستا آٹا فراہم کرنا تھا، وہ عوام کے کپڑے اتارکر مہنگا آٹا فراہم کررہا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ 5 کلو آٹے کے پیچھے لوگ جان سے جارہے ہیں، ایک زرعی ملک میں لوگ آٹے کیلئے پریشان ہیں اور حکمرانوں کی عیاشیاں جاری ہیں۔

سال 2022 پاکستان کی تاریخ کا مہنگا ترین سال ثابت ہوا ہے

ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ سال 2022 پاکستان کی تاریخ کا مہنگا ترین سال ثابت ہوا ہے جس میں مہنگائی نے نئے ریکارڈ قائم کردیے ہیں۔

وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ شماریات کے اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے تک مہنگا ہوا جبکہ  باسمتی چاول 40 روپے  گائے کا گوشت 100 روپے  بکرےکے گوشت  میں 400 روپے کلو تک اضافہ ہوچکا ہے

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ

ایک سال میں زندہ مرغی کا گوشت 110 روپے کلو، انڈے 100 روپے درجن، تازہ دودھ 60 روپے لیٹر، دہی 60 روپے کلو جبکہ ڈھائی کلو گھی کے ڈبے پر 395 روپے تک کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق  دال مسور، دال چنا اور دال مونگ90 روپے فی کلو تک بڑھی  جبکہ دال ماش کی قیمت میں 125 روپے فی کلو کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔

سبزیوں میں آلو پر 50، لہسن  100  پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں 110 روپے فی کلو تک کا اضافہ دیکھا گیا۔چائے کا پیکٹ 163 روپے نمک کی قیمت میں 15 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version