پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک کی خاطر آگے بڑھنا چاہیئے اور عام انتخابات ہونے چاہیئں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک دیوالیہ کے دہانے پر ہے، غریب آدمی روٹی لینے کے قابل نہیں رہا ہے، آئی ایم ایف کے سامنے کشکول لے کر کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی 30 فیصد سے اوپر پہنچ چکی ہے، انہیں بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھانی پڑیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو ہمارے کارکنوں پر تشدد کرایا گیا، شہباز گل اور اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ جے آئی ٹی کے اراکین پر دباؤ ڈالا جاتا ہے، ہم مطالبہ کر رہے ہیں ٹروتھ اینڈ ری کنسیلیشن ہونی چاہیئے جبکہ عمران خان نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقائق اور غلطیوں کو تسلیم کرنا چاہیئے، ملک کی خاطر آگے بڑھنا چاہیئے، عام انتخابات ہونے چاہیئں۔
ان کا کہنا تھا کہ کل پارٹی کا اجلاس بلایا ہے، اجلاس میں قومی اسمبلی میں جانے سے متعلق مشاورت ہو گی۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے مزید کہا کہ بہت سے اراکین اسمبلی ہمارے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں جبکہ ہم نے کئی اراکین سے معذرت بھی کی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما مسرت چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹروتھ اینڈ ری کنسیلیشن کی بات پاکستان کی بہتری کے لیے کی گئی ہے جبکہ انہوں نے جعلی آڈیوز بنائی ہیں، دنیا کا سب سے بڑا جوکر سلمان شہباز کا باپ ہے، اپنے اکاؤنٹ سے ٹوئٹر پول کرا کے دیکھ لیں اور بلاول اور مریم نواز اپنی کوئی ایک کامیابی بتا دیں۔



















