Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کی عوامی مقبولیت کے باعث حکمران الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، پرویزالہٰی

پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان کی عوامی مقبولیت کے باعث حکمران الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی سے سینئر وکلا جہانگیر اے جھوجھہ ، اشتیاق اے خان، رانا ذوالفقار کی ملاقات ہوئی جس میں حکومت کی جانب سے سیاسی مخالفین کو لاپتہ کرنے، غیر آئینی اقدامات، غیر قانونی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ وکلاء برادری آئین اور قانون کی بالادستی اور حکومت کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف عمران خان کی جدوجہد میں ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران آئین اور قانون سے کھیل کر طوالت اقتدار منصوبے بنا رہے ہیں، جس آئین کے تحت نگران حکومتیں بنئیں، اسی کےتحت نوے روز میں الیکشن ضروری ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے اعصاب پر عمران خان سوار ہے جبکہ عمران خان کی عوامی مقبولیت کے باعث حکمران الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

چوہدری پرویزالہٰی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدلیہ ہی اب آئین کی بالادستی کے لئے قوم کی امید کا مرکز ہے ، امید ہےعدلیہ مقررہ آئینی وقت میں انتخابات کے انعقاد کے لئے تاریخی فیصلہ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے عدلیہ حکمرانوں کی جانب سے سیاسی مخالفیں کو لاپتہ کرنے کے واقعات کا بھی نوٹس لے گی، آئین کو پامال کرنے والے سن لیں ،آئین شکنی پر آئین ہی ان کااحتساب کرے گا۔

پرویزالہٰی نے یہ بھی کہا کہ نگران سیٹ اپ الیکشن کروانے کی بجائے من پسندمتعصب آفیسرز کی  تقرریوں اور انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہے، پی ڈی ایم کی قیادت کو الیکشن میں اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے اور شکست کے خوف سے الیکشن سے بھاگ کر آئین  شکنی کی طرف بڑھا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی قیادت  کا سارا فوکس  صرف وزرا بنانے میں ہے ، کوئی رہ تو نہیں گیا جو پی ڈی ایم کا رہنما وزیر، وزیر مملکت، معاون خصوصی یاکسی محکمے کا سربراہ نہیں بنا۔

 سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کے  وسائل عوام کو ریلیف دینے کی بجائے وزرا پر لٹائے جارہے ہیں ،پچاسی رکنی کابینہ صرف اور صرف ذاتی ریلیف اور مراعات کے لئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو  غیر قانونی طور پر اٹھا کر لاپتہ کیا جارہا ہے ، نگران حکومت الیکشن کرانے کی بجائے  شخصیات کو لاپتہ کرنے میں مصروف ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے مزید کہا کہ ہر روز مہنگائی کا نیا طوفان لایاجارہا ہے، وزیرخزانہ مزید 170 ارب کے ٹیکسز کا بوجھ عوام پر ڈالنے کااعلان کررہے ہیں۔

ملاقات میں سابق صوبائی وزرا راجہ بشارت اور میاں محمود الرشید بھی ملاقات میں شریک ہوئے جبکہ ملاقات میں چوہدری خالد عمر سِدھو  ،خبیب بلوچ  سرمد چٹھہ ،مدثر ظہور ، طیب کاہلوں ، رانا اسد منیر اور میاں احتشام حبیب الرحمن نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version