Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آرٹیکل 19 کو قانون کا حصہ بناکر اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنادیا ہے، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آرٹیکل 19 کو قانون کا حصہ بناکر اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ میڈیا خاص طور پر میڈیا ورکرز کو باضابطہ مبارک ہو، پرویز مشرف کی آمریت سے جنم لینے والے پیمرا کے سیاہ کالے قانون کو پیمرا(ترمیمی) بل 2023 کی صورت دستور پاکستان کی جمہوری و بنیادی انسانی حقوق کی حدود میں لے آئے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آرٹیکل 19 کو قانون کا حصہ بناکر اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنادیا ہے، دوماہ کے اندر (within) واجبات (Dues) کی ادائیگی نہ ہونے پر سرکاری اشتہارات کی بندش، پیمرا چیئرمین سے اختیارات کی کونسل آف کمپلینٹس کو منتقلی، پی بی اے اور پی ایف یو جے کے نمائندوں کی کونسل میں شمولیت سمیت ایسے کئی اقدامات اب قانون بن چکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مشاورت سے تیار ہونے والا یہ متفقہ قانون میڈیا ورکرز اور میڈیا ہاؤسز کی مشترکہ کامیابی ہے۔پی آر اے، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی بی اے، ایمینڈ، پی ایف یو جے، آر آئی یو جے، وزارت اطلاعات اور پیمرا کے افسران سمیت تمام احباب کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے راہنمائی، معاونت اور مدد کی۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف، سابق کابینہ، پارلیمان کے تمام ارکان کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے یہ تاریخ ساز فیصلہ کیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version