سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی قیادت میں یورپی یونین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپی یونین کی سفیرڈاکٹر رینا کیونکا اور اُن کے وفد کے اراکین کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔
اس موقع پر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے لیکن اب بھارت اور بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے کینیڈا میں سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجرکے قتل میں ملوث ہونے کا کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین پارلیمنٹ میں واضح انکشاف کیا ہے ، اس پر دنیا کے تمام ملکوں کی ایجنسیاں اتفاق کرتی ہیں کہ بھارت اس قتل میں ملوث ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت اب پوری دنیا میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کینیڈا کے وزیر اعظم اور کینیڈین پارلیمنٹ نے واضح طور پر کہا ہے کہ بھارت نے ہمارے شہری کو ہمارے ہی ملک میں قتل کرایا ہے جس سے ثابت ہو گیا ہے کہ مودی عالمی دہشت گرد بن چکا ہے۔ اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 75سال سے بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا اور کشمیری عوام بھارت کے ان مظالم کو برداشت کر رہے ہیں۔
سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا کہ یورپی یونین نے کشمیر پر بہت کام کیا ہے اور یورپی پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بہت سی قراردادیں بھی پاس کی ہیں اور اس سلسلے میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر ایما نکلسن رپورٹ بھی یورپی پارلیمنٹ پاس کر چکی ہے لہذا مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے یورپی یونین کشمیر پر اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے جو زمینی حقائق اور کشمیری عوام کی امنگوں کوسامنے رکھتے ہوئے رپورٹ تیار کرے کیونکہ جنوبی ایشیاء کے امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے اقوام متحدہ کے بعد یورپی یونین ہی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
