Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آپ ﷺ کی زندگی تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے، سلطان محمد چوہدری

سلطان محمد چوہدری نے کہا ہے کہ آپ ﷺ کی زندگی تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آپ ﷺ کی زندگی تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے، عالم رنگ و بو میں وہی ایک ذات حق و صداقت کا مرکز اور ہدایت کا روشن مینار ہے۔

سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے پر مسرت موقع پر آزاد کشمیر کے ہر چھوٹے بڑے شہر،قصبے اور گھر میں عید کا سماں ہے۔ ساری دنیا کے مسلمانوں کے لیے اس پاک اور مقدس یوم کی اہمیت ہمیشہ کی طرح بہت زیادہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی آمد سے سارا عالم جگمگا اٹھا، محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ اس وقت دنیا میں تشریف لائے جب تمام دنیا کے انسان جہالت،پستی اور کفر کے اندھیروں میں ڈوبے ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ خدائے عظیم و بزرگ و برتر کو اہل زمین کی اس پستی اور زبوں حالی پر رحم آیا اور اس نے ان کی ہدایت کے لیے اپنے برگزیدہ بندے حضرت محمد مصطفی ﷺ کو معبوث فرمایا۔

صدرآزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ آپ ﷺکی شخصیت انسانیت کی معراج سے بھی بہت بلند ہے، دنیا کے اندھیروں میں صرف یہی ایک چراغ ہے۔ آپ ﷺ کی زندگی تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے، عالم رنگ و بو میں وہی ایک ذات حق و صداقت کا مرکز اور ہدایت کا روشن مینار ہے۔

متعلقہ خبریں