جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ملکی سیاست میں نہیں ہونا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نواز شریف کا اپنا ملک ہے ان کو واپس آنا چاہیے، نواز شریف نے اعلان کیا ہے اگر انہوں نے پلان میں کوئی رد و بدل کرنی ہے تو یہ اختیار ان کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ججز اور جرنیلوں کے احتساب کے بیان پر کچھ نہیں کہوں گا، اگر مجھ سے وہ مشورہ مانگیں گے تو بتاؤں گا، ملک کے حالات تو پی ٹی آئی نے خراب کر دیئے تھے ہم تو صرف گالیوں کے لیے رہ گئے، ہم نے صرف ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے حکومت لی۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کرانا یا نہ کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، اس وقت بلوچستان اور کے پی میں الیکشن مہم چلانا مشکل ہے، میرے لیے خود الیکشن مہم میں حصہ لینا مشکل ہے، دھماکوں میں جمعیت کے علماء شہید ہوئے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جنوری ایسا مہینہ ہے جہاں شمالی علاقوں میں بہت زیادہ سردی اور برفباری ہوتی ہے، جنوری کا مہینہ میرے خیال سے الیکشن کے لیے کوئی اچھا وقت نہیں، شمالی علاقوں میں جب لوگ سردی کی وجہ سے ووٹ ہی نہیں ڈال سکیں گے تو پھر کیسا الیکشن ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کو دیوالیہ پن سے نکلی حکومت ملی، عام آدمی کو ریلیف کے ثمرات نہیں مل رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کارکردگی تو کچھ نہیں تھی، ان کا ایجنڈا بھی پاکستان کے خلاف ہے، پی ٹی آئی کو ملکی سیاست میں نہیں ہونا چاہئے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















