پاکستان تحریک انصاف نے فل کورٹ سماعت کے دوران آئین کی حرمت کے حوالے سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ریمارکس حوصلہ افزا قرار دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی سماعت کے دوران آئین کی حرمت و بالادستی کے حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے ریمارکس کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کی جانب سے دستور سے انحراف کی سیاہ ترین روایت پر عدالتی تاریخ کا حوالہ ہر لحاظ سے چشم کشا ہے، آئینِ پاکستان بالاجماع مقدس ترین اور ناقابلِ تنسیخ دستاویز ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ملک پر مسلط ماضی اور حال کے سارے عذابوں کی جڑ میں دستور سے انحراف جیسا گناہِ کبیرہ کارفرما ہے، گزشتہ 17 ماہ کے دوران بالعموم جبکہ پچھلے 5 ماہ کے دوران بالخصوص دستور شکنی کے سلسلۂ بد میں مزید شدّت پیدا ہوئی ہے، جمہور کو ان کی دستوری حیثیت سے محروم کرتے ہوئے عوام کے ٹیکسوں پر پلنے والی ریاستی مشینری کو فسطائیت کا لائسنس دیکر شہریوں کو محکوم بنا لیا گیا ہے، جمہوریت کو ریاستی تنخواہ داروں کے اقلیّتی گروہ کے رحم و کرم پر جبکہ الیکشنز کو ماورائے آئین سیلیکشنز سے بدل دیا گیا ہے، سیاست کو پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور اس کے کروڑوں وابستگان کیلئے ممنوع جبکہ مافیاز اور مجرموں کے عوامی نمائندگی سے یکسر محروم اقلیّتی گروہ کی اجارہ داری میں دے دیا گیا ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کا ذمہ دار ادارہ آئین اور عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کی نہایت بےشرمی و ڈھٹائی سے پامالی اور جمہور کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کا کلیدی وسیلہ بن چکا ہے، کسی بھی ثانوی ایجنڈے کی جانب نگاہ اٹھانے سے پہلے چیف جسٹس دستور کی بحالی اور اس کی حرمت کے دفاع کے بنیادی آئینی فریضے پر توجّہ اور توانائیاں مرکوز کریں، قوم اس باب میں چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب دیکھتی اور ان کی کامیابی کیلئے نیک تمنّائیں اور جذبات رکھتی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















