Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غربت اور بے روزگاری ایک بڑا چیلنج ہے، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ غربت اور بے روزگاری ایک بڑا چیلنج ہے، بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں غربت کے خاتمہ کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں بانی اخوت فاؤنڈیشن نے تنظیم کے فلاحی منصوبوں اور اقدامات کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ کو تفصیلی آگاہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں سماجی اور دیگر اقتصادی مسائل کے حل کے لئے سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں جو مختلف فلاحی تنظیمیں کام کر رہی ہیں وہ ایک مثالی عمل ہے جس سے دوسرے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ جو لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ان کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے تمام فلاحی تنظیموں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں غربت کے خاتمہ کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبہ بلوچستان میں نیٹ ورک کو وسیع کرنے اور صوبے کے دور دراز علاقوں میں تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

صادق سنجرانی نے بانی اخوت فاؤنڈیشن کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین بھی دلایا اور کہا کہ اخوت فاؤنڈیشن صوبہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں اس حوالہ سے سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری ایک بڑا چیلنج ہے،اخوت فاؤنڈیشن اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی اور معاشرے کا مفید فرد بنانے کیلئے انہیں ہنرمند بنائے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ ایسےمنصوبے شروع کئے جائیں جس کی بدولت نوجوان نسل کو ہنر مند بنایا جاسکے، ان اقدامات سے نوجوان نسل کو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے مرکزی دھارے میں لایا جا سکےگا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں