کوئٹہ: نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف موجودہ تمام سازشوں کا ماسٹر مائنڈ بھارت ہے۔
نگران صوبائی وزیر جان محمد اچکزئی نے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی انخلا کے لئے حاجی کیمپ کوئٹہ میں بنائے گئے ہولڈنگ سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے ایک سازش کی گئی ہے، بے بنیاد ویڈیوز بنائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مافیاز اور مفاد پرست سیاستدان فالٹ لائن پیدا کرنے والوں کی مدد کررہے ہیں، ان تمام سازشوں کا ماسٹر مائنڈ بھارت ہے، چند سیاستدانوں کے مفادات پاکستان کیخلاف ہیں۔
جان اچکزئی نے کہا کہ وزیر اعظم نے تارکین وطن کے ملک بدری کے حوالے سے واضح پیغام دیا ہے، ایک دن میں 10 ہزار لوگ ازخود چمن بارڈر پر پہنچ گئے تھے، دوسرے صوبوں سے آنے والے تارکین وطن کی سیکیورٹی بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
انکا کہنا تھا کہ تارکین وطن کی واپسی پر افغان حکومت سے رابطے میں ہیں، گزشتہ روز 572 افراد کو حراست میں لیا ہے، کل کوئٹہ سے تارکین وطن کو ایگزٹ پوائنٹ تک پہنچایا گیا، کل چمن ایگزٹ پوائنٹ پر 10 ہزار لوگ رضاکارانہ طور پر پہنچ گئے جبکہ تارکین وطن کی شکایات کیلئے شکایت سیل بھی قائم کیا ہے۔
نگران وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سندھ اور پنجاب کے تارکین وطن بھی یہاں سے جائیں گے، یہ بلوچستان کیلئے ایک چیلنج ہے، اداروں کی کوشش ہے افغانستان جانے والوں کو سہولیات دیں۔
واضح رہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے، جس کے بعد اب حکومت پاکستان نے ان کی بےدخلی کیلئے ملک گیر آپریشن شروع کردیا ہے، تاہم اب تک ملک بھر سے 1000 غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار فارن ایکٹ 1946 کے تحت تمام صوبوں کو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بے دخلی کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق معمولی جرائم میں زیر تفتیش اور سزا یافتہ غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو بے دخل کردیا جائے گا۔
نگران حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد کوئی پاکستانی غیرقانونی تارکین وطن کو پناہ دینے میں ملوث پایا گیا تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، بےدخلی کے منصوبے کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں پر ہو گا، منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جائے گا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
