Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نوتعینات نگران وزیر اعلیٰ پختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

نوتعینات نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

تفصیلات کے مطابق اعلیٰ حکام نے نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ارشد حسین کا سیکرٹریٹ میں استقبال کیا۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ کو اس دوران وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے امور کے بارے میں مختصر بریفنگ دی گئی۔

جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کی بطور وزیر اعلیٰ کے پی تقرری؛

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے نو تعینات نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کیلئے سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر سے رائے طلب کی۔

گورنر نے آئینی اختیارات کے تحت ایڈوکیٹ جنرل، سابق قائد ایوان اور اپوزیشن لیڈر کو فیصلہ کرنے کیلئے مراسلہ بھیجا۔

سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے باہمی مشاورت سے جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق کیا۔

جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کون ہیں؟

جسٹس ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ اباد سے ہے، وہ نگران وزیر قانون ہونے کے ساتھ ساتھ سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف بھی رہ چکے ہیں۔

جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین گریڈ 22 افسر نظر حسین اور ڈی آئی جی آپریشنز سید شہزاد کے بھائی ہیں۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخواہ کے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان گزشتہ روز انتقال کر گئے۔

محمد اعظم کو گزشتہ شب طبیعت ناساز ہونے پر رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ منتقل کیا گیا تھا۔

مرحوم اعظم خان کی رہائش گاہ میں فاتحہ خوانی ہوئی اور ان کی میت آبائی علاقے میں پہنچائی گئی۔

محمد اعظم خان کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کر دی گئی۔

واضح رہے کہ محمد اعظم خان نے 21 جنوری کو نگران وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا تھا، ان کا نام اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔

محمد اعظم خان ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے، وہ ماضی میں وزیر خزانہ، وفاقی سیکرٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکرٹری مذہبی امور بھی رہے۔

ان کا تعلق چارسدہ کے پڑانگ علاقے سے ہے۔

مرحوم اعظم خان نے پشاور یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری جبکہ لندن لنکولس این سکول سے وکالت کی ڈگری حاصل کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version